اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے آغاز میں چند روز ہی باقی رہ گئے ہیں مگر اس سے پہلے ہی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے شائقین کو زبردست خوشخبری سنا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ اس بار پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز ہائی ڈیفی نیشن (ایچ ڈی) پر دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ’الحمد اللہ پی ٹی وی سپورٹس کی ایچ ڈی ٹرانسمیشن کا پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور انشاءاللہ آپ پی ایس ایل کے میچز ایچ ڈی پر دیکھ سکیں گے۔ ایک سال پہلے پی ٹی وی نیوز کو ڈیجیٹل کیا اور اب پی ٹی وی سپورٹس بھی ڈیجیٹل کر دیا ہے، اس سال پی ٹی وی کا منافع بھی ریکارڈ ہو گا، انشاءاللہ۔‘
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 27 جنوری سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہو رہا ہے جہاں پہلے مرحلے یعنی 7 فروری تک میچز کھیلے جائیں گے جس کے بعد 10 فروری سے دوسرے مرحلے کے میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔
گزشتہ روز پی ایس ایل کا آفیشل ٹریک بھی ریلیز کیا گیا ہے جس میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے تاہم شائقین کرکٹ کی جانب سے ملے جلے جذبات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔