کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور حیدر علی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جنہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 27 جنوری سے ہو گا جس کا پہلا مرحلہ کراچی میں کھیلا جائے گا اور اس میں شرکت کیلئے نیشنل اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے تاہم ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل ہی کورونا وائرس کے حملے بھی شروع ہو گئے ہیں۔
پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے باعث دونوں کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پشاور زلمی کے 2 دیگر کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق بھی کی تھی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا تھا کہ پشاور زلمی کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل اور ارشد اقبال کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس پر ریزرو پول سے عماد بٹ اور امام الحق کو زلمی سکواڈ میں شامل کیا گیا۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وسیم اکرم اومان سے نجی لیگ میں شرکت کے بعد واپس آئے تھے کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔