استنبول: مشہور ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی میں ’آرتوک بے‘ کا کردار ادا کرنے والے ’آئبرک پیکچن طویل عرصہ کینسر میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئبرک پیکچن نے چند ماہ قبل جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا تھا کہ کمر درد کی شکایت کی وجہ سے طبی معائنہ کروایا، اس کیساتھ شروع ہونے والا عمل آج اس مقام پر لے آیا ہے کہ مجھے پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور ٹیومر بھی پھیل گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ابتدائی مرحلے میں بیماری کی تشخیص نہیں ہو سکی اور کیموتھراپی کا پہلا دن ہے جبکہ میرا خاندان اور دوست میرے معاون ہیں، میں اپنی صحت کو بحال کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔
آئبرک پیکچن صرف 51 سال کے تھے جن کے دوست احباب نے اس مسلسل جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دیا لیکن بدقسمتی سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔ آئبرک پیکچن کو ان کے آبائی گاؤں مرسیا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
ارطغرل غازی میں ”بامسی“ اور ”آرتوک بے“ کا کردار ادا کرنے والے اداکاروں نے گزشتہ سال جنوری میں پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا اور اس دوران انہیں بھرپور محبت دی گئی جس کا اظہار انہوں نے اپنے بیانات میں بھی کیا تھا۔