کراچی: سندھ حکومت نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پانچ فروری کو صوبے بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان یوم یکجہتی کشمیر ہر سال 5 فروری کو منایا جاتا ہے جس دن دنیا کو یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام جو اپنا حق خودارادیت مانگ رہے ہیں وہ ان کا بنیادی حق ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر میں بھی تسلیم کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں منگل کے روز بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منایا جائے گا اور مکمل ہڑتال کی جائیگی تاکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جائے کہ بھارت جس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں کو اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت تنظیموں نے بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی ہے۔