ممبئی:ایک اور بھارتی اداکارہ نے اپنی جان لے لی۔اداکارہ جیاشری رامیاکئی ماہ سے ڈپریشن کا شکار تھیں اوران کا بنگلور کے ایک آشرم میں علاج چل رہا تھا ۔اداکارہ نے اتوار کی رات آشرم کے کمرے میں پنکھے کے ساتھ لٹک کر زندگی کا خاتمہ کیا۔
اگلے روز جب ان کے گھر والوں نے ان کو فون کیا تو جواب نہ ملنے پر آشرم کی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا ۔ آشرم کی انتظامیہ کے چیک کرنے پر اداکارہ کی کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی لاش ملی۔
یاد رہے کہ بھارتی اداکارہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ سوشل میڈیا پر یہ بات کرچکی تھیں کہ میں اپنی زندگی سے تنگ آچکی ہوں اور مجھے اب زندگی میں کچھ بھی اچھا نہیں لگتا۔ انہوں نے ایک سے زائد مرتبہ پہلے بھی اپنی زندگی کے خاتمے کی کوشش کی لیکن ان کو عین وقت پر بچا لیا گیا تھا ۔
بھارتی اداکارہ جیاشری کو بگ باس کے تیسرے سیزن میں شرکت کی وجہ سے کافی شہرت ملی تھی اس کے علاوہ وہ کئی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں ۔ جیاشری کی موت پر بھارتی فلم انڈسٹری میں سوگ کا سماں ہے اور سوشل میڈیا پر ان کی موت پرافسوس کا اظہار کیا جارہا ہے ۔