سعودی عرب کی سرزمین پر ہونیوالے حملے کیخلاف اس کا دفاع کریںگے، امریکا

05:00 PM, 25 Jan, 2021

واشنگٹن: امریکا نے سعودی دارالحکومت ریاض پر حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا اتحادی کی سرزمین پر ہونے والے حملے کے خلاف اس کا دفاع کرینگے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا اپنے اتحادی سعودی عرب کی مدد کرے گا اور ریاض پر حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتا ہے جبکہ اس سلسلے میں ہم مزید معلومات اکٹھا کر رہے ہیں لیکن بظاہر لگتا ہے کہ اس حملے میں سویلین اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس طرح کے حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو کمزور کرتےہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ جس طرح ہم یمن جنگ کے خاتمے سمیت خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اصولی سفارتکاری کے ذریعے کام کرتے ہیں اسی طرح اپنے اتحادی سعودی عرب کی سرزمین پر حملے پر اس کا دفاع کریں گے اور خطے میں امن و استحکام کو کمزور کرنے والوں کو بھی پکڑیں گے۔

ادھر برطانیہ نے بھی سعودی عرب پر حملے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔ برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈومینیک راب نے کہا کہ برطانیہ اپنے سعودی پارٹنرز کے سا تھ کھڑا ہے۔ 

برطانوی سیکریٹری خارجہ نے ٹویٹ کی کہ ’گزشتہ روز ریاض پر فضائی حملوں کی کوشش کی گئی۔ انسانی جانوں کو لاحق خدشات پر گہری تشویش ہے۔ 

خیال رہے کہ ہفتے کے روز حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی دارالحکومت ریاض پر ڈرون حملے کیے گئے جسے عرب اتحادی فورسز نے فوری ناکام بنا دیا تھا۔ 

مزیدخبریں