ن لیگ کا قومی اثاثے نیلام کرنے پر شدید احتجاج، عمل روکنے کا مطالبہ

PML-N protests against auction of national assets, demands to stop the process
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) نے قومی اثاثے نیلام کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اثاثے گروی رکھنے کا عمل روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شریف برادران کے دور میں منصوبے بن رہے تھے، نئے پاکستان میں منصوبے نیلام ہو رہے ہیں، ہمارے دور میں ں پاکستان کے اثاثوں میں اضافہ ہو رہا تھا لیکن نااہل حکومت نے پاکستان کو نیلام گھر بنا کر رکھ دیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے عوام کیلئے منصوبے بنائے، نااہل حکمران منصوبے اور اثاثے بیچ رہے ہیں۔ ہم نے کھیلوں کے میدان اور پارکس آباد کئے، نئے پاکستان میں کھیلوں کے میدان اور پارکس کو نیلام کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران نے موٹرویز، پارکس، ہسپتال، ہوائی اڈے بنائے لیکن عمران صاحب ان سب کو گروی اور نیلام کر رہے ہیں۔ وہ "سب بیچ دے" کے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔ قومی اثاثے جس طریقے سے سے گروی رکھے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی محب وطن اپنے ملک کیلئے ایسے نہیں کر سکتا۔ ایف نائن پارک سمیت قومی اثاثے کوڑیوں کے بھاؤ گروی رکھے جا رہے ہیں۔ حکومت کو معلوم ہے کہ وہ قرض ادا نہیں کر سکے گی۔ قرض دینے والے ان اثاثوں کو فروخت کرکے کھربوں کمائیں گے۔ قوم کو پتا چلنا چاہیے اس مشکوک عمل میں کس کی جیب میں کتنے پیسے جا رہے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ آٹا، بجلی، گیس، دوا، روزگار، کاروبار کھانے والا کرپٹ مافیا اب قوم کے اثاثے کھا رہا ہے۔ پاکستان کے اثاثے گروی رکھنے کے ایجنڈے پر عمل کیلئے عمران خان کو فارن فنڈنگ ہوئی تھی۔ غیر قانونی، غیر ملکی فنڈنگ کے اثرات آج پاکستان کے ہر شعبےمیں دیکھے جا سکتے ہیں۔ کسی ملک کیخلاف سب سے بڑی سازش نااہل حکومت مسلط کرنا ہوتا ہے۔