لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ پانی بہت بڑی نعمت ہے، اس کا ضیاع روکنا سب کی ذمہ داری ہے۔ پانی کو احتیاط سے استعمال کرنے سے متعلق بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ پانی کا ضیاع روکنے کیلئے عوام میں شعور کو اجاگر کرنا ضروری ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے چیئرمین واٹر اینڈ انوائرمنٹل جوڈیشل کمیشن جسٹس (ر) علی اکبر قریشی نے ملاقات کی ، کمیشن کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے اس موقع پر پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے کیے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ بھی دی۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں زیر زمین پانی کی سطح بہت نیچے چلی گئی ہے۔ اپنی نسلوں کیلئے ہمیں پانی کا ہر قطرہ بچانا ہے۔ بارش کا پانی محفوظ کرنے کیلئے لاہور میں زیر زمین ٹینک بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے پر جلد کام شروع کیا جا رہا ہے۔ جنوبی پنجاب میں پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیمز کا پراجیکٹ بنایا ہے۔ رواں برس پہلے ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ کمیشن کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ کمیشن دیگر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں جا کر پانی کا ضیاع روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کمیشن کی اس سلسلے میں بھرپور سپورٹ کرے گی
علی اکبر قریشی کا بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ لاہور کی 210 مساجد میں پانی کو دوبارہ استعمال کرنے کیلئے ٹینک بنائے گئے ہیں، سب سے بڑا ٹینک داتا دربار مسجد میں بن رہا ہے۔ لاہور سے گزرنے والی نہر کے 17 بند چینلز کو دوبارہ کھولا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 310 کار سروس سٹیشن میں واٹر ری سائیکلنگ پلانٹ لگائے جا چکے ہیں۔ کار سروس سٹیشن اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز سے پہلی بار واٹر چارجز وصول کر رہے ہیں۔ ایک برس میں بلنگ کی مد میں ایک ارب 4 کروڑ روپے وصول کر کے خزانے میں جمع کرائے۔ پانی کا ضیاع روکنے کیلئے پنجاب حکومت کا تعاون قابل تحسین ہے۔