بھارتی نوجوانوں نے نئی دہلی میں ''پاکستان زندہ باد'' کے نعرے لگا دیئے

07:49 AM, 25 Jan, 2021

نئی دہلی: بھارتی نوجوانوں نے دارالحکومت نئی دہلی کی سڑکوں پر کھڑے ہو کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا دیئے۔ پولیس نے اس فعل کو جرم قرار دیتے ہوئے دو نوجوانوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

انڈٰن میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ نئی دہلی میں بھارتی یوم جمہوریہ سے کچھ دن قبل پیش آیا تھا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارتی حکام سیخ پا ہو گئے اور پولیس کو حکم دیا کہ اس میں موجود نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند نوجوان لڑکے اور لڑکیاں نئی دہلی کی سڑکوں پر اپنی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر گزر رہے ہیں اور اس دوران رک کر انہوں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دی۔

ذہن میں رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی نوجوانوں کی جانب سے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی پرچم کو لہرانے کے واقعات بھی میڈیا کی زینت بنتے رہتے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل تاج محل کے دورے پر آئے نوجوانوں نے بھی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانا شروع کر دیئے تھے۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔

اس کے علاوہ ایک نوجوان خاتون نے بھری تقریب میں مائیک کے سامنے کھڑے ہو کر جب پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے تو سب پر سکتا طاری ہو گیا تھا۔ اس تقریب میں متعدد سیاستدان بھی شریک تھے جن پر پاکستان کے حق میں نعرے سن کر سکتا طاری ہو گیا تھا۔ اس موقع پر موجود سیکیورٹی نے فوری طور پر اس خاتون کو گرفتار کر لیا تھا لیکن وہ پھر بھی پاکستان زندہ باد نعرے لگانے سے باز نہیں آئی تھی۔

مزیدخبریں