چوری کے الزامات ، پی آئی اے نے سینکڑوں ملازمین کو فارغ کر دیا

07:38 PM, 25 Jan, 2019

کراچی :پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے نے مختلف وجوہات کی بنا پر اب تک 450 ملازمین کو نکالا ہے جن میں جعلی ڈگریوں والے اہلکاروں سے لے کر چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے ملازمین بھی شامل ہیں۔

پی آئی اے کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے چالیس بیگج ہینڈلرز کو مشتبہ سرگرمیوں، بغیر اجازت غیر حاضری، چوری کرنے اور منشیات کے الزامات کے تحت ملازمت سے برخاست کیا ہے۔

ان جرائم میں ملوث زیادہ تر اہلکار دیہاڑی دار ہیں جن کی پی آئی اے میں کل تعداد پانچ ہزار کے لگ بھگ ہے۔چوری یا مشتبہ کارروائیوں میں ملوث نکالے جانے والے اہلکاروں کی اکثریت کراچی میں کام کر رہی تھی جس کے بعد لاہور اور پھر اسلام آباد میں کام کرنے والے ملازمین شامل ہیں۔

اسی طرح پی آئی اے نے صرف گزشتہ چند دنوں کے اندر اندر 70 ملازمین کو ان کی جعلی ڈگریوں کی بنیاد پر نوکری سے برخاست کیا ہے۔ ان میں 6 پائلٹس، کیبن کرو اور دیگر ملازمین شامل ہیں۔

گذشتہ چند سالوں کے دوران پی آئی اے سے کم از کم پانچ سو قریب ملازمین کو جعلی ڈگریوں کی بنیاد پر فارغ کیا جا چکا ہے ، 200 کے قریب 'گھوسٹ' ملازمین کو فارغ کیا گیا جو بغیر کام کیے تنخواہ وصول کر رہے تھے یا جو صرف نام کے ہی ملازم تھے۔
 

مزیدخبریں