نواز شریف کی 10 ٹیسٹ رپورٹس نارمل ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب

12:18 PM, 25 Jan, 2019

لاہور: پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کا میڈیا سیل نواز شریف کی صحت کے حوالے سے شور مچا رہا ہے حالانکہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ بالکل نارمل ہے۔ آل شریف جھوٹ بولنا چھوڑ دیں کیونکہ آپ نے سپریم کورٹ اور عوام کے سامنے جھوٹ بولا۔ 

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف ہائی پروفائل مجرم ہیں اور وہ قانون کے مہمان ہیں جبکہ جیل میں انہیں 100 فیصد پروٹوکول دیا جاتا ہے۔ پنجاب اور وفاقی حکومت کی جانب سے نواز شریف پر کوئی بندش نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے لیے گھر سے کھانا بھی آتا ہے اور نواز شریف کو ان کی ایک مرغوب غذا لندن سے منگوا کر دی گئی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حمزہ شہباز نے کل ایوان میں تقریر کی لیکن اوپر نظر تک نہیں اٹھائی اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ایوان کو ان کیمرا بریفنگ دی گئی۔ سانحہ ساہیوال پر بات کرتے ہوئے حمزہ شہباز کی آنکھیں اور زبان ساتھ نہیں دے رہے تھے بلکہ شرمندگی حمزہ شہباز کے چہرے سے عیاں تھی۔

سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے واضح کر دیا کہ ضرورت پڑی تو سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنایا جا سکتا ہے اور ذمے داروں کو نشان عبرت بنا دیا جائیگا۔

مزیدخبریں