ذیشان کے اہلخانہ صدر مملکت سے ملاقات کیلئے اسلام آباد روانہ ہو گئے

ذیشان کے اہلخانہ صدر مملکت سے ملاقات کیلئے اسلام آباد روانہ ہو گئے
کیپشن: ذیشان کے بھائی احتشام اور والدہ سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی بھی ملاقات متوقع ہے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

اسلام آباد: سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے لاہور سے تعلق رکھنے والے گاڑی کے ڈرائیور ذیشان کے اہل خانہ پولیس کی نگرانی میں ایوان صدر اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے۔

سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے ذیشان کے بھائی احتشام، والدہ اور دیگر فیملی ممبران کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں ملاقات کے لیے بلوایا ہے۔

ذیشان کے اہل خانہ علی الصبح پولیس نگرانی میں اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے۔ ذیشان کے بھائی احتشام اور والدہ سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی بھی ملاقات متوقع ہے۔

اسلام آباد روانہ ہونے سے قبل ذیشان کی والدہ کا کہنا تھا کہ انہیں انصاف چاہیے تاکہ اُن کے بیٹے پر لگا لیبل اُتر سکے۔

ذیشان کے بھائی احتشام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت سے ملاقات کا پیغام پولیس نے پہنچایا ہے۔