پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار حصص مندی کا شکار، تجارتی حجم میں کمی

08:55 PM, 25 Jan, 2018

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو کاروبار حصص مندی کا شکاررہا، تجارتی حجم میں کمی واقع ہوئی جبکہ شیئرز  کی خرید و فروخت میں 9 کروڑ 39لاکھ سے زائد کی کمی رہی۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو کاروبار کے آغاز سے ہی اتار چڑھائو کا شکار رہی ابتدائی سیشن میں انڈیکس 45182.57 پوائنٹس پر جا پہنچا، مقامی انسٹی ٹیوشنز   او ر  بروکریج ہاوسز   کی جانب سے بعض اسٹاکٹس میں فروخت کے دباو کے سبب انڈیکس کی الٹی گنتی شروع ہو گئی اور کے ایس ای100انڈیکس 44729پوائنٹس کی پست سطح   تک گر   گیا مگر کاروبار کے اختتام سے قبل انڈیکس 44800پوائنٹس کی حد پر بحال تو ہو گیا مگر مارکیٹ منفی زون میں ہی بند ہوئی۔کے ایس ای 100 انڈیکس 246.50 پوائنٹس کی کمی سے 44816.71 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 163.50 پوائنٹس کی مندی سے 22625.11 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 111.38 پوائنٹس کی کمی رونماء ہوئی جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 490.76 پوائنٹس کی مندی رہی۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 374 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 155 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 195 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی اور 24 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مجموعی طور پر 24 کروڑ 57 لاکھ 26 ہزار 170 حصص کا کاروبار ہوا جبکہ بدھ کو 18ارب روپے مالیت کے 33کروڑ96لاکھ 71ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔

مارکیٹ کامجموعی سرمایہ 33 ارب 68 کروڑ 30 لاکھ 97 ہزار 121 روپے کی کمی سے 92 کھرب 45 ارب 44 کروڑ 97 لاکھ 36 ہزار 705 روپے رہ گیا۔ سب سے زیادہ تیزی کالگیٹ پام اولیو کے حصص کی قیمت میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 50 روپے کے اضافے سے 2800 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح خیبر ٹوبیکو ایکس بی کے حصص کی سودے بھی 39.52 روپے کی تیزی سے 966.94 روپے پر بند ہوئے۔

سب سے زیادہ مندی نیسلے پاکستان اور انڈس موٹر کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت 249 روپے کی مندی سے 11850 روپے اور انڈس موٹر کمپنی کے حصص کی قیمت بھی 47.99 روپے کی کمی سے 1893.96 روپے رہ گئی۔

سب سے زیادہ کاروبار دوست اسٹیل لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جو 2 کروڑ 47 لاکھ 72 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 12.48 روپے سے شروع ہو کر 12.77 روپے پر بند ہوئی جبکہ بینک آف پنجاب کے 1 کروڑ 75 لاکھ 11 ہزار 500 حصص کے سودے 9.68 روپے سے شروع ہو کر 9.85 روپے پر بند ہوئے۔جس کا تجارتی حجم 9 ارب 93 کروڑ 60 لاکھ 84 ہزار 664 روپے رہا۔

مزیدخبریں