ملکوال : وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ای او بی آئی میں رقم لوٹنے والا پیپلزپارٹی کا رہنما اب تحریک انصاف میں شامل ہو گیا ، چیلنج کرتا ہوں کہ خان صاحب کے مجھ پر تین الزام درست ثابت ہوئے تو سیاست چھوڑ دونگا۔
تفصیلات کے مطابق منڈی بہاوالدین کے علاقے ملکوال میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں منڈی بہائوالدین کا میدان ماریں گے۔
انھوں نے کہا کہ اب دیہات کے لوگوں کو علاج کیلئے شہر نہیں جانا پڑے گا، منڈی بہائوالدین والوں کو ہسپتال کا تحفہ دے رہا ہوں ، آج اس گرائونڈ میں دوبارہ آیا ہوں ۔
میں اپنے بزرگوں کو پوچھتا ہوں کہ پندرہ برس سے بجلی نہ ملنے پر فصلیں اور زراعت تباہ ہوگئی تھی ، عوام بتائیں کہ انہیں چار برس میں بجلی ، گیس اور پکی سڑکیں مل ہیں کہ نہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ چین نے ہمارے دور حکومت میں سی پیک کے منصوبے کو عملی جامعہ پہنایا ، زرداری صاحب نے سی پیک کے منصوبے پر دستخط کیے تھے تو اس وقت سنگ بنیاد کیوں نہیں رکھا۔
چین نے ہماری حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا اور منصوبے کو شروع کیا ، عمران خان نیازی دن رات جھوٹ بول رہے ہیں ، اللہ تعالی نے کے پی کے کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے ، بے شمار منصوبے لگائے جا سکتے تھے لیکن کے پی کے میں کچھ نہیں کیا گیا ۔
خان صاحب نے الزام لگایا کہ میں نے خان صاحب کو دس ارب روپے کی رشوت کی آفر کی ہے جس پر میں نے ان کو ہرجانہ کیا لیکن وہ عدالت تک میں حاضر نہیں ہوئے۔
میں عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ایک بینچ بنائیں مجھ پر لگائے گئے اربوں روپے رشوت کے الزام کے کیس کی سماعت کریں ، مختصر وقت میں فیصلہ سنا دیں ، قصور وار ہوا تو توبہ کر کے سیاست چھوڑ دوں گا ، قصور وار ثابت نہ ہوا تو خان صاحب توبہ کر کے واپسی کا راستہ اختیار کریں۔
انھوں نے کہا کہ خان صاحب ساری عمر دھرنے ہی کرتے رہیں گے ، فیصلہ آپ کریں گے کہ حکومت ان کو ملنی چاہئے کہ نہیں ، ہم نے چار سال میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ’’پکیاں سڑکاں ، سوکھے پنڈ‘‘ دیئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نے کسانوں کو بلاسود قرضے دیئے ، راجن پور میں دانش سکول بنائیں ، غریب بچے مفت تعلیم حاصل کرتے ہیں۔