اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران منرل واٹر کمپنی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل ادارے کی جانب سے فراہم کیا جانے والا پانی صحیح ہے۔ عدالت پی سی ایس کیو اے کی رپورٹ منگوا لے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم رپورٹ منگوا لیں گے اور کمپنی اس زعم میں نہ رہے کہ بڑا وکیل کرنے سے ریلیف مل جائے گا۔ کمپنی کے وکیل بڑی فیس لیتے ہیں لیکن بڑی فیس لے کر ریلیف لینا ان کا حق نہیں۔ کمپنیوں کو اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ گندہ پانی فروخت نہیں کرنا جبکہ ہمیں قوم اور بچوں کے مفاد کو دیکھنا ہے جب تک صاف پانی کی تسلی نہ ہو فروخت کی اجازت نہیں دیں گے۔
سپریم کورٹ نے ملک کی 24 منرل واٹر کمپنیوں کو پانی کی فروخت سے روکتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں