لندن: وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر ہندوستان کی قابض افواج نے انسانیت سوز مظالم کی انتہا کر دی ہے ،نہتے معصوم بچوں پر مہلک ہتھیاروں کا استعمال بربریت کی انتہا ہے ،بین الاقوامی برادری بھارت کے ساتھ تجارتی ،سماجی ،اقتصادی روابط رکھتے وقت مقبوضہ کشمیر میں اس کی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی اور طے شدہ منصوبے کے تحت ان کے قتل عام کو بھی مد نظر رکھے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے برٹش کونسل کی جانب سے دیئے گئے ڈنر کے موقع پربرطانوی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ اورمیڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر اس وقت ناز ک ترین دور سے گزر رہی ہے ہندوستا ن نے تمام تر حربے استعمال کر کے دیکھ لیے مگر کشمیریوں نے اپنی جدوجہد آزادی ترک نہیں کی آٹھ سو ارب روپے کے پیکج کو مستر د کیا ،آنے والی نسلوں کے اکثر لوگ معذور اور آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوچکے ہیں، عورتوں ،بچوں ،بوڑھوں کو نہیں بخشا گیا لائن آف کنٹرول پر سکولز وینز کو ٹارگٹ کرتے ہو معصوم بچوں پر براہ راست فائرنگ کی بھارتی فوج نے مسافر بس کو بھی نہیں بخشا اور اس کو ریسیکو کرنے کے لیے آنے والی ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا ،بھارت مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر مہلک ہتھیاروںکا استعمال کرکے بین الاقوامی قوانین انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے جس کے خلا ف مہذب اقوام کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔