اسلام آباد: دودھ کے فوائد کو دنیا مانتی ہے ۔ماہرین ہمیشہ دودھ سے حاصل ہونے والے فوائد کو جاننے کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں ۔حالیہ تحقیق میں ماہریننے کہا ہے کہ دودھ جلد کےلیے بہت مفید ہے لیکن اس کا باقاعدہ استعمال مزید فوائد بھی فراہم کرتا ہے جن میں سے چند درج ذیل ہیں۔
دودھ بطور اسکن کلینزر:
دودھ چہرے کی جلد کو صاف کرنے کےلیے انتہائی مؤثر ہے، یہ چہرے سے گرد وغبار صاف کرتا ہے اور جلد کے مردہ خلیات کو ہٹاکر بند مسام کھولتا ہے، دودھ سیاہ بدنما کیلوں کو بننے روکتا ہے اور خشک جلد کو تر و تازہ بناتا ہے۔
طریقہ استعمال:
روئی کے پھوئے (کاٹن بال) کو دودھ میں ڈبوئیے اور پانچ منٹ تک چہرے کے ہر حصے پر دائروں کی صورت میں گھمائیے۔ کچھ دیر بعد نیم گرم پانی سے چہرے کو دھولیجئے۔
دودھ سے خشک جلد کا علاج:
خشک اور پپڑی والی جلد کےلیے دودھ ایک بہترین موئسچرائزر ہے جس کا استعمال جلد کو نمی اور غذائیت دے کر آپ کی جلد کو سارا دن شگفتہ رکھتا ہے۔
طریقہ استعمال:
روئی کے پھوئے کو دودھ میں ڈبو کر پورے چہرے پر لگائیں۔ دودھ کو 20 منٹ تک چہرے پر رہنے دیجئے اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھولیجئے۔ بہترین نتائج کے لیے دودھ میں کچلا ہوا کیلا ملا کر چہرے پر لگائیں اور نصف گھنٹے تک لگا رہنے دیجئے۔
دودھ کا اسکرب:
دودھ کو ایک اسکرب کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس میں قدرتی طور پر ایلفا ہائیڈروآکسل ایسڈ (اے ایچ اے) کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے اور یہ مرکب مہنگی ترین کاسمیٹکس مصنوعات میں بھی شامل کیا جاتا ہے۔ اے ایچ اے جلد سے مردہ خلیات کو نکال باہر کرتا ہے، جلد کی سطح کو نرم اور روشن بناتا ہے۔طریقہ استعمال: دودھ اور شہد کو ملاکر ایک قدرتی اسکرب بنایا جاسکتا ہے۔ اسے جلد پر لگائیں اور 15 منٹ بعد نیم گرم پانی سے چہرے کو دھولیجئے۔ آپ کی جلد میں فوری نکھار اور چمک نظر آنے لگیں گی۔
داغ دھبوں کو دور کیجئے:
جلد پر جھائیاں اور دھبے دور کرنے میں بھی دودھ اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اسے استعمال کرنے کے بعد آپ کیمیکل بھری مہنگی کاسمیٹکس استعمال نہیں کریں گے کیونکہ یہ ایک مؤثر وائٹنر اور اسکن ٹونر بھی ہے۔ دودھ میں موجود لیکٹک ایسڈ اہم کردار ادا کرتا ہے اور جلد کو ہموار بناتا ہے۔دودھ کو برابر مقدار میں سبز چائے (گرین ٹی) میں ملائیں۔ اب روئی سے ڈبو کر جھلسی ہوئی جلد کے ہر دھبے پر لگائیے اور چہرے کو 15 منٹ بعد دھولیجئے۔ ہفتے میں تین مرتبہ استعمال کیجئے اور حیرت انگیز نتائج حاصل کیجئے۔
دھوپ سے جلی ہوئی جلد (سن برن) کا علاج:
دودھ میں موجود پروٹین جلد پر اس کی ایک باریک پرت لگادیتے ہیں جو آپ کی جلد کو جھلسنے اور خراب ہونے سے بچاتی ہے۔ اسی طرح بعض لوگوں کی جلد پر دھوپ سے جلن ہوتی ہے اور دودھ اسے بھی دور کرتا ہے۔
طریقہ علاج:
فل کریم ملک (بالائی سے بھرپور دودھ) لے کر اسے جلد پر آزمائیے۔ اس میں موجود صحت بخش چکنائیاں دھوپ سے جھلسنے والی جلد کی مرمت کرتی ہیں۔