کراچی:اداکار بہروز سبزواری نے بڑھتی ہوئی طلاقوں کے پیچھے والدین کے لاڈ پیار اور لڑکیوں کے مزاج کو اہم سبب قرار دیا ہے۔
حال ہی میں، بہروز سبزواری اپنی اہلیہ صفینہ بہروز کے ساتھ نجی ٹی وی کے پروگرام میں میں شریک ہوئے اور دونوں نے کامیاب شادی شدہ زندگی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔ بہروز سبزواری نے کہا کہ صفینہ ان کی خوش قسمتی کا راز ہیں اور ان سے شادی کے بعد انہیں بے شمار کامیابیاں ملی ہیں۔
صفینہ بہروز نے اس بات پر زور دیا کہ شادی کے اتنے سال گزرنے کے بعد، محبت، عزت اور کیئر میں بے حد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر سے زیادہ محبت کرتی ہیں اور وہ اپنے شوہر کا خیال زیادہ رکھتے ہیں۔
بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ والدین کی محبت کا کوئی مقابلہ نہیں ہوسکتا، لیکن میاں بیوی کے تعلق میں جو قربت اور محبت ہوتی ہے، وہ بے نظیر ہوتی ہے۔ ان کے مطابق میاں بیوی کا ایک دوسرے کا ساتھ کوئی اور نہیں دے سکتا۔
صفینہ نے کہا کہ کامیاب شادی کو قائم رکھنے میں عورت کی قربانیاں زیادہ ہوتی ہیں۔ بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ کامیاب شادی کے لیے برداشت ضروری ہے، اور ان کے خاندان میں اہلیہ نے جوڑے کو ایک دوسرے کے قریب رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے طلاقوں کی بڑھتی ہوئی شرح پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کل لڑکیوں میں برداشت کی کمی ہو گئی ہے، اور والدین انہیں بے جا لاڈ پیار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق، لڑکیاں شادی کے بعد اپنی حاکمانہ سوچ کی وجہ سے اپنے شوہروں کے ساتھ ہم آہنگ نہیں ہو پاتیں، جس کا نتیجہ طلاق کے صورت میں سامنے آتا ہے۔