راولپنڈی :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے جیل کے نظام کے بارے میں چیف جسٹس کو خط لکھنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے عمران خان سے ملاقات کے بعد راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت ٹھیک ہے اور ان سے طویل وقت بعد ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل کے نظام کو نادیدہ قوتوں کے زیر اثر قرار دیا اور کہا کہ اس میں بہتری کی ضرورت ہے۔ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چھ ماہ میں یہ چوتھی بار ہے جب ان کے بچوں سے بات کرائی گئی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سندھ کے حقوق کے لیے پی ٹی آئی کے عزم کا اظہار کیا اور پنجاب میں بڑھتے ہوئے فسطائیت کے واقعات پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے حکومتی عہدوں پر موجود پارٹی کے عہدیداروں کو عہدے چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کرکٹ کے بارے میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کو ناتجربہ کار افراد کے حوالے کر دیا گیا ہے جس سے عوام کی وابستگی متاثر ہو رہی ہے۔