افغان مہاجرین کو واپس بھجوانے کا منصوبہ: دوسرے مرحلے کا آغاز

افغان مہاجرین کو واپس بھجوانے کا منصوبہ: دوسرے مرحلے کا آغاز

اسلام آباد:  افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھیجنے کے منصوبے کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کی دستاویزات کے مطابق دوسرے مرحلے میں افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افراد کو افغانستان واپس بھیجا جائے گا۔ پاکستان میں تقریباً 8 لاکھ افراد اے سی سی کارڈ کے حامل ہیں، جنہیں قانونی طور پر واپس بھیجا جائے گا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی سے افغان شہریوں کو نکالنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

وزارت داخلہ نے وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس کے فیصلوں کے تحت افغان شہریوں کی وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی سے منتقلی کے لیے 31 مارچ کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔ اس کے بعد افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افراد کو دوسرے شہروں میں منتقل کیا جائے گا اور پھر افغانستان روانہ کر دیا جائے گا۔

دستاویز کے مطابق، تیسرے ملک جانے کے خواہش مند افغان شہریوں کے قیام کی اجازت 30 جون تک بڑھا دی جائے گی۔ علاوہ ازیں، جن افغان شہریوں کے لیے کسی اور ملک کا ویزہ زیر التواء ہے، انہیں اسلام آباد میں قیام کی اجازت نہیں ہو گی۔