باکو:وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آذربائیجان کے 'آسان خدمت مرکز' کی طرز پر پاکستان میں بھی جدید سماجی بہبود کے سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے باکو میں واقع 'آسان خدمت مرکز' کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم اسحٰق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ وزیرِ اعظم نے مرکز کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور اس ادارے کو آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی نظریاتی سوچ کا عکس قرار دیا۔
انہوں نے مرکز میں خدمات فراہم کرنے والے نوجوانوں کی محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آج تک اتنی جدید سہولتوں سے آراستہ سماجی بہبود کا ادارہ نہیں دیکھا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان میں بھی اسی طرز پر سروس سینٹرز بنائے جائیں گے تاکہ عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔