لاہور : موسم کی خرابی اور انتظامی مسائل کے باعث آج چھ پروازیں منسوخ اور بیس سے زائد پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق گلگت اور اسلام آباد کے درمیان 4 پروازیں پی کے 601، 602، 605 اور 606 منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح کراچی اور دبئی کے مابین 2 خصوصی پروازیں آر جے 71 اور آر جے 72 بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ سے 11 ملکی اور غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ کراچی ایئرپورٹ سے 6، لاہور ایئرپورٹ سے 4 پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہوئی ہے، جبکہ ملتان اور سیالکوٹ ایئرپورٹ سے 2 پروازوں کی آمد اور روانگی میں بھی تاخیر ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور، کراچی اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر موسم ابر آلود ہے جس کی وجہ سے فلائٹ شیڈول متاثر ہو رہا ہے۔ اس صورت حال کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ تلہ گنگ، لاہور، موٹر وے ایم ٹو، لاہور سیالکوٹ موٹر وے، رینالہ، اوکاڑہ، ساہیوال، ہڑپہ اور چیچہ وطنی میں بارش کا آغاز ہو چکا ہے۔ کوئٹہ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کی وجہ سے مواصلاتی نظام متاثر ہو گیا ہے، اور محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم 2 مارچ تک رہے گا۔
اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی توقع ہے۔ پشاور اور خیبر پختونخوا کے بیشتر حصوں میں بارش ہو چکی ہے، اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں مزید بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا بھی امکان ہے، جبکہ سندھ کے علاقے لاڑکانہ، قمبر، شہداد کوٹ، جیکب آباد اور سکھر میں بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ موسم کی صورتحال سے متاثر نہ ہوں۔