راولپنڈی : آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی کے بڑے میچ میں آج آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔ دونوں ٹیموں نے اپنے اپنے ابتدائی میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، اور اس میچ کی فاتح ٹیم کے لیے سیمی فائنل میں رسائی آسان ہو جائے گی۔
آسٹریلیا نے گروپ کی مضبوط ٹیم انگلینڈ کو شکست دی، جبکہ جنوبی افریقا نے افغانستان کو ہرا کر اپنے امکانات کو مزید روشن کیا۔ دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل بھرپور ٹریننگ کی ہے۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ٹمبا باووما کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ایونٹس میں آسٹریلیا کا ریکارڈ بہت شاندار ہے، اور وہ ٹاس جیت کر بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ پرامید ہیں کہ ان کی ٹیم کا فائنل کھیلنے کا امکان روشن ہے۔
دوسری طرف، آسٹریلیش بیٹر ایلکس کیری نے پری میچ کانفرنس میں کہا کہ پاکستان میں بڑے اسکور بن رہے ہیں اور وہ اپنے پہلے میچ کے کامیاب کمبی نیشن میں کسی تبدیلی کے حق میں نہیں ہیں۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان یہ اہم میچ دوپہر دو بجے شروع ہوگا، جس میں دونوں ٹیموں کے لیے سیمی فائنل کی راہ ہموار کرنے کی بھرپور کوشش ہوگی۔