تاریخ رقم ، مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب

01:32 PM, 26 Feb, 2024

لاہور : پنجاب میں تاریخ رقم ہوگئی ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئی ہیں۔ مریم نواز کو 220 ووٹ ملے۔ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا سنی اتحاد کونسل کی طرف سے بائیکاٹ کیا گیا تھا۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت اجلاس30  منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔پہلے 2 منتخب اراکین نے حلف لیا جس کے بعد سنی اتحاد کونسل کے نامزد وزیر اعلیٰ رانا آفتاب نے پوائنٹ آف آر ڈر پر بات کرنے کی اجازت طلب کی ۔

 سپیکر نے اجازت دینے سے انکار کردیا  اس پر سنی اتحاد کونسل کے اراکین واک آؤٹ کرگئے۔ 4 حکومتی ارکان پر مشتمل کمیٹی سنی اتحاد کونسل کے اراکین کو منا کر واپس لائی ۔ 18 اراکین ایوان میں آئے لیکن وہ دوبارہ واک آؤٹ کرگئے ۔

سنی اتحاد کونسل کے دوبارہ بائیکاٹ کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی نے انتخاب کا عمل شروع کرادیا۔ مریم نواز کو ووٹ دینے والے اراکین دائیں جانب لابی میں  گئے جہاں شمار کنندہ موجود تھا۔ 

گیلری میں موجود مسلم لیگ ن کے ارکان مریم نواز کے حق میں نعرے بازی کر رہے ہیں جبکہ مریم اورنگزیب انہیں خاموش کرا رہی ہیں۔ 

مزیدخبریں