عجمان:متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں سینی ٹائزر او رپرفیوم کے ڈپو میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعہ میں 9 پاکستانی زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
قونصلیٹ جنرل دبئی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ عجمان میں سینی ٹائزر، پرفیوم اور متعلقہ مصنوعات کے ڈپو میں پیش آیا۔ زخمی ہونے والے 4پاکستانیوں کو ابتدائی طور پر خلیفہ بن زید ہسپتال عجمان میں پہنچایا گیا جن میں شہید بے نظیر آباد سندھ سے تعلق رکھنے والے گلداد ولد شاہ نواز ڈھری ، نواب ولد شاہ نواز اور امام بخش ولد خدا بخش سولنگی اور ڈیرہ غازی خان کے رہائشی محمد اکرم ولد وائود خان شامل تھے۔
بعد ازاں نواب اور امام بخش کو ابوظہبی کے شیخ شوخبت میڈیکل سٹی میں ریفر کر دیا گیا جبکہ باقی 2 زخمیوں کا علاج خلیفہ بن زید ہسپتال میں جاری ہے۔ اعجازولد عبدالعزیز زید ہسپتال شارجہ، شاہد ولد ممتاز اور ظہور ولد محمد حیات کویت ہسپتال شارجہ ، سکندر ولد عبدالرحیم القسیمی ہسپتال شارجہ میں داخل ہیں، ان چاروں کا تعلق بھی شہید بے نظیر آباد سندھ سے ہے۔
بعد ازاں الجرف پولیس سٹیشن عجمان کے ساتھ مل کر ویلفیئر ونگ کی ٹیموں کی چیکنگ کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی اکبر ولد خمیسہ خان کی نشاندہی کی گئی۔
پاکستانی قونصل جنرل حسین محمد نے کہا ہے کہ ہم زخمی پاکستانیوں کو ہر ممکنہ تعاون کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، پاکستان قونصلیٹ جنرل دبئی کے ویلفیئر ونگ نے اس واقعہ کے فوری بعد ہسپتال کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
یو اے ای میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کےلئے نیک خواہشات اور جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ انہوں نے اس سانحہ کے زخمی پاکستانیوں کو ہر ممکن تعاون کی یقینی دہانی کرائی ہے۔