اسلام آباد :مسلم لیگ(ن) کے رہنما خرم دستگیر کاکہنا ہےکہ مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف سیاست سے کنارہ کشی اختیار نہیں کررہے بلکہ وہ وفاق اور پنجاب میں سیاسی امور کی اور ہماری رہبری کررہے ہیں۔
مسلم لیگ(ن) کے رہنما خرم دستگیرنے نجی ٹی وی پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف سیاست سے کنارہ کشی اختیار نہیں کررہے بلکہ وہ وفاق اور پنجاب میں سیاسی امور کی اور ہماری رہبری کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم سب کی خواہش تھی کہ وہ چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بنتے، پہلے بھی 2013 میں انہوں نے ملک میں دہشت گردی، لوڈشیڈنگ اور کراچی میں بدامنی جیسے مسائل سے لڑ کر دکھایا تھا لیکن اب انہوں نے ایک فیصلہ کیا ہے تو ہم اس کا احترام کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں ہم دلبرداشتہ نہیں ہوتے اور عوام نے جو بھی فیصلہ دیا ہے اس کی بنیاد پر ہی آگے بڑھنا ہے ، نواز شریف یہ سمجھتے ہیں کہ شہباز شریف کو حال ہی میں 15 جماعتی حکومت چلانے کا تجربہ ہے اور وہ غالباً اس وقت ملک کو زیادہ بہتر طریقے سے آگے لے کر چل سکتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن کو اتحاد سے مائنس کرنے کے سوال پر خرم دستگیر نے کہا کہ مولانا کو خیبر پختونخوا کے نتائج پر تحفظات ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ پی ٹی آئی کے حق میں صوبے میں دھاندلی کی گئی اور حیران کن بات یہ ہے کہ وہ جس کے سبب بیمار ہوئے تھے انہی کے پاس دوا لینے چلے گئے ہیں لیکن یہ ان کا سیاسی فیصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی قومی اسمبلی میں کم نشستیں ہیں لیکن ہماری خواہش ہے کہ وہ اب بھی حکومت کا حصہ بنیں اور ان کے تجربے کا فائدہ پاکستان اور اس اتحاد کو ہونا چاہیے۔
نواز شریف سیاست سے کنارہ کشی اختیار نہیں کررہے،وہ وفاق اور پنجاب میں سیاسی امور کی اور ہماری رہبری کررہے ہیں:خرم دستگیر
08:33 AM, 25 Feb, 2024