اسلام آباد : معاشی مشکلات کے پیش نظر وزارت خزانہ نے اکاؤنٹینٹ جنرل پاکستان ریونیوز کو وزارتوں، ڈویژنوں اور منسلک محکموں کے بل کی ادائیگی تا حکم ثانی بند کرنے کا حکم دیا ہے حتیٰ کہ تنخواہوں کی ادائیگی بھی روک دی گئی۔
انگریزی اخبار دی نیوز میں شائع سینئر صحافی مہتاب حیدر کی رپورٹ کے مطابق سینئر سرکاری عہدیداروں نے بتایا ہے کہ اجرا کے معاملے میں آپریشنل اخراجات میں مسائل کا سامنا ہے کیونکہ ملک کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ خزانہ ڈویژن کے سینئر عہدیداروں سے رابطے کی کوشش کی لیکن ان کی طرف سے رات دیر تک کوئی جواب نہ ملا۔ وزیر خزانہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ یہ خبر غلط ہو سکتی ہے لیکن انہوں نے تصدیق کرکے دوبارہ رابطہ کرنے کا وعدہ کیا لیکن بعد میں کوئی رابطہ نہیں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اپنے واجب الادا بلوں کی ادائیگی کیلئے اے جی پی آر گئے تھے لیکن انہیں بتایا گیا کہ وزارت خزانہ سے بلوں بشمول تنخواہوں کی ادائیگی روکنے کا حکم ملا ہے۔ فوری طور پر بلوں کی کلیئرنس روکنے کی اصل وجہ کا تعین نہیں ہو سکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دفاعی ادارے کی آئندہ ماہ کی تنخواہیں اور پنشن پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں۔