سڈنی: بھارت کے سابق جارح مزاج اوپننگ بلے باز اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کے بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ ذمہ داریاں نبھانے والے میتھیو ہیڈن نے آسٹریلین کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق میتھیو ہیڈن نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے باعث دورہ پاکستان سے دستبردار ہونے والے آسٹریلین کرکٹرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب کھلاڑی اپنے ملک کیلئے کھیلنے کو ترجیح نہیں دیں گے تو اس سے ٹیم کا کلچر خراب ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کرکٹر کیلئے سب سے بڑی بات اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ہوتی ہے اور ملک کو ترجیح نہ دینا غلط کلچر کو پروان چڑھا رہا ہے جس پر تنقید کی جانی چاہئے اور جو کھلاڑی ایسا کرتے ہیں انہیں پھر اپنی تنخواہیں بھی قربان کرنا چاہئیں کیونکہ کھلاڑیوں نے جو ذمہ داری نبھائی ہی نہیں، اس کے پیسے کیوں ملیں۔
میتھیو ہیڈن نے کہا کہ گزشتہ سال آئی پی ایل کے باعث سے 7 آسٹریلین کھلاڑی دورہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز سے دستبردار ہو گئے تھے جبکہ دورہ پاکستان کیلئے بھی ڈیوڈ وارنر، پیٹ کومنز، مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ وائٹ بال سیریز کیلئے منتخب نہیں ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی کھلاڑی اپنی مرضی سے نہیں کھیل سکتا اور اگر کوئی کھلاڑی آسٹریلیا کیلئے میسر نہیں تو اس سے پوچھ گچھ ہونی چاہئے یا کم از کم اسے تنخواہ نہیں دینی چاہئے۔ اب کچھ لوگ کہیں گے کہ میں بھی تو آئی پی ایل کھیلتا رہا ہوں، تو ان لوگوں کو میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے کبھی لیگ کو قومی فرائض کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا۔