کوئٹہ : کوئٹہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
نیو نیوز کے مطابق خالق شہید تھانے کے اے ایس آئی رحمت اللہ، گن مین اور گاڑی ڈرائیور مشرقی بائی پاس پر گشت کرتے ہوئے قریبی ہوٹل پر بیٹھے تھے کہ نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تینوں اہلکار شدید زخمی ہوگئے ۔
فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے زخمیوں کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ اے ایس آئی رحمت اللہ اور گن مین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے جبکہ ڈرائیور شدید زخمی ہے ۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرتے ہوئے ملزمان کی بھی تلاش شروع کر دی ۔