اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ نے صحافی محسن بیگ کی ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں ضمانت منظور کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ وقارحسین گوندل نے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ میں محسن بیگ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔
وکیل صفائی نے عدالت میں بتایا کہ محسن بیگ کے خلاف تھانہ مارگلہ نے ناجائز اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔ان کاکہنا تھا کہ مقدمے میں لگی دفعہ قابل ضمانت جرم ہے، عدالت سے وکیل نے استدعا کی کہ محسن بیگ کی ضمانت منظورکی جائے۔تاہم عدالت نے30 ہزار روپے مچلکوں کے عوض محسن بیگ کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں صحافی محسن بیگ کو نجی ٹی وی اور سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر مراد سعید کیخلاف الزامات لگائے جس پر وفاقی وزیر نے محسن بیگ کیخلاف ایف آئی آر درج کروا دی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گرفتار کیا تھا، تاہم گرفتاری کے دوران مزاحمت پر ایف آئی اے کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔