الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو سرٹیفائیڈ ووٹ چور قرار دے دیا، عظمیٰ بخاری

06:55 PM, 25 Feb, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ڈسکہ این اے 75 میں دوبارہ الیکشن کے لیے تمام اخراجات وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی امیدوار اسجد ملہی کی جیب سے لیے جائیں۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو سرٹیفائیڈ ووٹ چور قرار دے دیا۔ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے سے ادارے کی عزت اور وقار مزید بڑھا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب تک ان کے آئی جی موجود ہیں الیکشن فیئر نہیں ہو سکتے۔ دوبارہ الیکشن کے لیے تمام اخراجات اسجد ملہی اور عمران خان کی جیب سے لیے جائیں۔ فردوس عاشق اعوان کو کسی اخلاقیات کا لحاظ نہیں اور میں خود وکیل ہوں لیگل نوٹس کیلئے تیار ہوں۔

ترجمان ن لیگ پنجاب نے کہا کہ میرے مرحوم والد کے وکیل ہونے پر فردوس عاشق اعوان کو تکلیف ہے۔ اپنے لیگل نوٹس کا جواب میں ایسا دوں گی کہ یہ یاد ہی رکھیں گی۔نوٹس میں جواب دوں گی کہ ان کا فون فارنزک کے لیے بھیجا جائے اور پوچھا جائے کہ الیکشن والے دن شام 7 بجے کے بعد وہ کہاں گئی تھیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ کھوکھلی دھمکیوں کا مجھے کوئی ڈر نہیں ہے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پورے حلقے میں اب 18 مارچ کو الیکشن دوبارہ ہو گا ۔ الیکشن کمیشن نے حکم دیا ہےکہ حلقے میں الیکشن کے لیے سازگار ماحول نہیں تھا جس کے بعد الیکشن کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن محمد زبیر کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے حربوں کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن بھی اس دفعہ حیران و پریشان رہ گیا تھا ،این اے 75 میں گولیاں چلتی رہیں ایسی فضا پیدا ہو گئی کہ لوگوں کیلئے ووٹ ڈالنا مشکل ہو گیا تھا ،محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان کے خلاف فیصلہ آنا چاہیے تھا ،مسلم لیگ ن نے اب دھاندلی کا راستہ روک دیا ہے ،الیکشن کمیشن کا فیصلہ تاریخ میں لکھا جائے گا ۔

مزیدخبریں