اسلام آباد: پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکل پائے گا یا نہیں؟ یہ اہم فیصلہ آج متوقع ہے۔
تفصیل کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا 22 فروری کا تین روزہ اجلاس آج ختم ہوگا جس میں پاکستان کے معاملات پر غور کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ فیٹف دہشتگردوں کو مالی امداد روکنے اور منی لانڈرنگ کا سدباب کرنے والا عالمی ادارہ ہے جس نے پاکستان کو گزشتہ حکومت کے دور سے گرے لسٹ میں رکھا ہوا ہے۔ بھارتی لابی پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے۔
خبریں ہیں کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے سربراہ مارکس پلیئر اجلاس کے بعد اہم پریس کانفرنس کریں گے جس میں پاکستان کے بارے میں فیصلے سے دنیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کے پیش نظر یہ اجلاس آن لائن منعقد کیا جا رہا ہے جس میں اس تنظیم کے لگ بھگ 205 اراکین اور مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔
فیٹف کے اس اہم اجلاس میں پاکستانی حکومت کی جانب سے پیش کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے گزشتہ سال ہونے والے اجلاس میں پاکستان کو 2021ء فروری تک گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ سامنے آیا تھا کیونکہ فیٹف حکام کے مطابق پاکستان نے 27 میں سے چھ سفارشات پر عمل نہیں کیا تھا۔