پی سی بی نے محمد رضوان اور فواد عالم کو سینٹرل کنٹریکٹ میں ترقی دیدی

08:40 AM, 25 Feb, 2021

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فواد عالم کو سی اور محمد رضوان کو اے کیٹیگری میں ترقی دیدی ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو یہ ترقی ان کی حالیہ پرفارمنس کو مدنظر رکھتے ہوئے دی گئی ہے۔

دوسری جانب سینئر کھلاڑی محمد حفیظ نے پی سی بی کی جانب سے پیش کی گئی سی کیٹیگری کو لینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے محمد حفیظ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے جس کا ہم احترام کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ فواد عالم اور محمد رضوان نے جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، جسے دیکھتے ہوئے کرکٹ بورڈ نے انھیں نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محمد رضوان کے پاس اس سے پہلے بی کیٹیگری تھی جبکہ فواد عالم کے پاس اے پلس ڈومیسٹک کنٹریکٹ تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والی فہرست میں کہا گیا ہے کہ اے کیٹیگری میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی اور اظہر علی کے نام شامل ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے بی کیٹیگری میں یاسر شاہ، شان مسعود، شاداب خان، سرفراز احمد، محمد عباس، حارث سہیل، اسد شفیق اور عابد علی کو رکھا گیا ہے۔

کرکٹ بورڈ کے سی سینٹرل کنٹریکٹ کیٹیگری سی میں عثمان شنواری، نسیم شاہ، امام الحق، عماد وسیم، افتخار احمد، فخر زمان اور فواد عالم جبکہ محمد حسنین، حارث رؤف اور حیدر علی کو ایمرجنگ پلیئرز کی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

مزیدخبریں