عالمی وبا کی صورتحال بہتر، ملک بھر میں کاروبار کیلئے وقت کی حد ختم

08:09 AM, 25 Feb, 2021

اسلام آباد: پاکستان میں وبائی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے کاروبار کیلئے وقت کی حد ختم کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انڈور شادی ہالز، سینما اور مزاروں کو بھی کھولنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ اس نرمی کا اطلاق 15 مارچ سے ہوگا۔

یہ انتہائی اہم فیصلہ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اہم اجلاس میں کیا گیا۔

این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے اس اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری، نیم سرکاری اور پرائیوٹ دفاتر میں مکمل سٹاف بلانے کی اجازت ہوگی۔ دفاتر میں سٹاف کی پچاس فیصد پر عائد پابندی کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ماہ 15 مارچ سے ملک بھر کے سینما ہالز، مزارات اور ان ڈور شادی ہالز میں تقریبات کی اجازت ہوگی۔ تاہم ریسٹورنٹس کے حوالے سے فیصلہ 10 مارچ کو کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ پارکس، کھیلوں کی سرگرمیوں اور تجارتی مراکز کو وقت مقررہ پر بند کرنے کی پابندی بھی ہٹا لی گئی ہے۔ اب ایسی کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔

تاہم این سی او سی نے واضح کیا ہے کہ شہری اگر چاہتے ہیں کہ اس وبائی مرض سے مکمل چھٹکارا حاصل کرلیں تو انھیں سماجی فاصلے کو برقرار رکھنا ہوگا جبکہ ماسک کا استعمال بھی لازمی ہوگا۔

مزیدخبریں