امریکی صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش

08:22 PM, 25 Feb, 2020

نئی دہلی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کر دی۔


تفصیلات کے مطابق، نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر نے بھارت کی سرزمین پر پاکستان کے حق میں ایک اور بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان پرانا معاملہ ہے، پاکستان اوربھارت کےدرمیان مصالحت کیلئےتیارہوں، وزیراعظم عمران خان سے بہت اچھے تعلقات ہیں۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی سے پاکستان سےمتعلق بات چیت ہوئی، پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کیلئےبہت کچھ کررہاہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اقوام متحدہ کے اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی تھی۔

رواں سال جنوری میں ورلڈ اکنامک فورم کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ ثالثی کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہوں۔


ڈیووس میں ہونے والی ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان میرے دوست ہیں، ان کیساتھ ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک ماضی میں کبھی اتنے قریب نہیں رہے جتنے آج ہیں۔

نئی دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، نریندرمودی کے ساتھ طالبان معاہدے پربات ہوئی، نریندرمودی بھی افغان معاہدے کے حق میں ہیں۔
 

مزیدخبریں