سیالکوٹ: سیالکوٹ میں امریکا سے آئے نوجوان نے شادی پر فضول خرچی کی نئی مثال قائم کردی۔
تحصیل ڈسکہ میں ہونے والی تقریب میں دلہے کے بیرون ملک سے آئے دوستوں نے بھی بھرپور شرکت کی اور اپنے دوست کی شادی میں پاکستانی کرنسی کے ساتھ ساتھ ڈالرز کی بھی برسات کردی جبکہ باراتیوں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد ان نوٹوں کو چننے میں مصروف رہی۔ڈالروں کی برسات والی اس شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔دوستوں نے نہ صرف گھر کی چھت سے بلکہ گاڑیوں میں کھڑے ہوکر بھی پیسے اڑائے جس سے لوگوں کی بڑی تعداد سڑک پر سے 'خزانہ' لوٹتی رہی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال میں بھی ایک انوکھی شادی منعقد ہوئی جس میں باراتیوں پر موبائل فونز اور گھڑیاں نچھاور کردی گئی تھیں۔سمبڑیال کے نواحی گاو¿ں میں باراتیوں کا جوش دیکھ کر سسرالیوں نے بھی دلہے اور فیملی کو 2 عمرہ ٹکٹ،جانوراور 7 لاکھ روپے نقدی سلامی میں دے دی۔اس انوکھی شادی کی ویڈیوبھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔