اسلام آباد: وزیر خارجہ سے قطری سفیر صقربن مبارک نے ملاقات اور شاہ محمود قریشی کو امریکا طالبان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی.امریکا طالبان امن معاہدے پر 29 فروری کو دوحہ میں دستخط ہونگے۔ دعوت قطری ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی جانب سے دی گئی۔ قطری سفیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو خصوصی دعوت نامہ پیش کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاکستان، امریکہ- طالبان معاہدے سے متعلق اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے، پاکستان کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان اور قطرکا کلیدی کردار ہے، آج دنیا پاکستان کا موقف تسلیم کر رہی ہے، پاکستان پر امید ہے کہ امن معاہدے پر دستخط انٹرا افغان مذاکرات کی طرف لے جائیں گے۔