فواد چوہدری کا وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا ارمان پورا نہیں ہو گا، طلال چوہدری

فواد چوہدری کا وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا ارمان پورا نہیں ہو گا، طلال چوہدری
کیپشن: فواد چوہدری کا بیان نواز شریف نہیں پنجاب حکومت کے خلاف ہے، طلال چوہدری۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت مخالف بیانات دے کر فواد چوہدری کا وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا ارمان پورا نہیں ہو گا۔ طلال چوہدری نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری کا بیان نواز شریف نہیں پنجاب حکومت کے خلاف ہے، فواد چوہدری نے پنجاب حکومت، یاسمین راشد، سروسز اسپتال کے ڈاکٹرز کو جھوٹا قرار دیا ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری پنجاب حکومت سے ذاتی حساب برابر کرنے کے لیے نواز شریف کے کاندھے پر رکھ کر بندوق نہ چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق نواز شریف کی تمام میڈیکل رپورٹس جمع کرائی گئیں۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت مخالف بیان بظاہر پی ٹی آئی سے فواد چوہدری کی جلد رخصتی کی نشاندہی ہے۔


واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ آخر نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس برطانیہ سے کیوں نہیں بھجوائی جا رہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ اس کی ایک ہی وجہ ہے کہ برطانیہ میں ہونے و الے میڈیکل ٹیسٹ پاکستان کے ٹیسٹ سے مختلف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کا ایک مطلب یہ ہے کہ پنجاب حکومت نے جو میڈیکل ٹیسٹ کروائے وہ مشکوک تھے، ان حالات میں پنجاب حکومت کو ایک انکوائری بٹھانی چاہئے۔