کراچی: پاکستان سپر لیگ کے پاکستان میں ہونے والے میچز کے ٹکٹوں کی فروخت مقررہ سینٹرز پر جاری ہے اور فائنل میچ کے 500 روپے والے تمام ٹکٹس ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہو گئے۔
پی ایس ایل کے 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جس کے ٹکٹ نجی کوریئر سروس کی 55 مختلف برانچز پر دستیاب ہیں اور شائقین کرکٹ لائنوں میں لگ کر ٹکٹ حاصل کر رہے ہیں۔
شائقین کرکٹ کراچی کے 27 اور لاہور کے 12 مقررہ سینٹرز سے ٹکٹس حاصل کر رہے ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 30 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور فائنل میچ کے تقریباً 18 ہزار ٹکٹ نجی کمپنی کو فروخت کے لیے دیے گئے ہیں جب کہ فائنل میچ کے 500 روپے والے ٹکٹس ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہو گئے۔
لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ کو پی ایس ایل کے میچز کھیلے جائیں گے جس کے ٹکٹس خریدنے کے لیے شائقین کا جوش و خروش عروج پر ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچز کے ٹکٹس کی قیمت 500 روپے سے تین ہزار روپے تک ہے۔
کراچی میں فائنل سمیت 5 اور لاہور میں تین میچز کھیلے جائیں گے۔ کراچی میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے فائنل میچ کے ٹکٹس 500 سے 8 ہزار روپے تک ہیں۔