اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے نائب صدر مشتاق ڈار نے عائشہ گلالئی کو الزامات لگانے کی وجہ سے قانونی نوٹس بھجوا دیا۔ نوٹس میں ان کی جانب سے لگائے گئے الزامات دینے کی وضاحت یا 10 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔
مشتاق ڈار کے وکیل کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عائشہ گلالئی نے مسلم لیگ (ن) پر فوج کے خلاف اکسانے کے بیان دینے اور اپنے والد کوبدلے میں سینیٹ کا ٹکٹ دینے کا الزام عائد کیا تھا۔نوٹس میں مزید کہا گیا کہ عائشہ گلالئی دس روز میں ان الزامات کی وضاحت دیں یا 10 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کریں۔ بصورت دیگر ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔
نوٹس میں عائشہ گلالئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آپ کی غلط بیانی سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔مشتاق ڈار نے موقف اپنایا ہے کہ عائشہ گلالئی نے بغیر کسی ثبوت کے، خلاف آئین دو اداروں کے ٹکراوکا بیان جاری کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عائشہ گلالئی اپنے بیان کی وضاحت دیں کہ کس نے انہیں فوج کے خلاف بات کرنے کو کہا؟
واضح رہے کہ 16 فروری کو عائشہ گلالئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے انہیں اور ان کے والد کو فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کی شرط پر سینیٹ انتخابات کیلئے ٹکٹ دینے کی پیشکش کی گئی تھی۔