برسلز: جرمن چانسلرانجیلا میرکل نے کہا ہے کہ یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ اپنی رکن ریاستوں کو مہیا کیے جانے والے فنڈز کو ان ممالک کی طرف سے تارکین وطن کو اپنے ہاں قبول کرنے سے مشروط کر دے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق چانسلر میرکل نے یہ بات برسلز میں یورپی یونین کے سربراہی اجلاس سے قبل کہی۔ میرکل کا کہنا تھا کہ یہ بہترین موقع ہے کہ یورپی یونین کے پورے مالیاتی شعبے کا جائزہ لیا جائے۔ برطانیہ کے یورپی یونین سے آئندہ اخراج کی وجہ سے یونین کے فنڈز میں 14 ارب یورو سالانہ کا خلا پیدا ہو گا اور اس لیے بیلجیئم کو اس سلسلے میں اپنی طویل المدتی پالیسی بھی تبدیل کرنا ہو گی۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ہر حال میں یورپ کو ایک نیا آغاز فراہم کرنا ہے، ہمیں ماضی میں کسی بھی موقع سے زیادہ اب ان سوالات کے مشترکہ جوابات دینا ہیں جو یورپی عوام ہم سے پوچھ رہے ہیں۔