ورسٹائل نامور بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی حرکت قلب بند ہونے سے چل بسیں

09:19 AM, 25 Feb, 2018

دبئی: معروف ورسٹائل بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی دبئی میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث چل بسیں۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ اس وقت موت کا شکار ہوئیں جب وہ اپنے شوہر بونی کپور اور بیٹی کے ساتھ کسی عزیزکی شادی میں شریک تھی اور اچانک ان کو سینے میں تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ سکیں۔

54 سالہ اداکارہ کی موت کی خبر سن کر ممبئی میں ان کے گھر پرستاروں کا تانتا بندھ گیا جب کہ مختلف شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔ خیال رہے کہ سری دیوی 13 اگست 1963 کو پیدا ہوئیں .

انہوں نے 1978 میں 'سولہواں ساون' فلم سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور اگلی ہی فلم 'ہمت والا' سے مقبول ہوگئیں، فلم 'صدمہ' میں سری دیوی کے کردار کو ان کی بہترین پرفارمنس قرار دیا جاتا ہے۔سری دیوی کو 5 بار 'فلم فیئر' ایوارڈ اور 2013 میں بھارت کے چوتھے بڑے ایوارڈ 'پدم شری' سے بھی نوازا گیا۔


اداکار متھن چکرورتی سے سری دیوی نے خفیہ شادی کی جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی، 1996 میں انہوں نے پروڈیوسر بونی کپور سے شادی کی جس سے ان کی دو بیٹیاں جھانوی کپور اور اور خوشی کپور ہیں۔

مزیدخبریں