ممبئی: عائشہ ٹاکیا کافی عرصے سے اسکرین سے غائب ہیں، لیکن آج کل ان کا چرچا سوشل میڈیا پر کافی کیا جارہا ہے اور اس کی وجہ ان کی کوئی فلم نہیں بلکہ اداکارہ کا بدلا ہوا روپ ہے۔عائشہ ٹاکیا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر موجود نئی تصاویر اور حال ہی میں ایک تقریب میں لی گئی تصویر کے وائرل ہونے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
لوگوں نے اداکارہ پر پلاسٹک سرجری کروانے کا الزام بھی عائد کردیا۔تاہم اب 30 سالہ اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ان تمام افراد کو کرارا جواب دے ڈالا۔
عائشہ ٹاکیا نے ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا، 'اگر آپ اس دنیا کے سب سے میٹھے آڑو بھی بن جائیں، تب بھی کوئی آجائے گا اور کہے گا کہ اسے آڑو پسند نہیں'۔
انہوں نے اپنی ایک اور تصویر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا 'جو لڑکے لڑکیاں اپنی تصاویر لینا پسند کرتے ہیں، وہ کسی اور کی وجہ سے اپنے اعتماد کو ختم نہ کریں، ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں ہر وقت لوگ آپ کا مذاق اڑائیں گے اور آپ کو جانچیں گے، اس لیے خود پر فخر کریں اور خود سے پیار کرتے رہیں'۔
عائشہ ٹاکیا آخری مرتبہ 2010 میں فلم 'پاٹھ شالا' میں نظر آئیں تھی، جس کے ایک سال بعد ان کی شادی ہندوستانی سیاست دان ابو اعظمی کے بیٹے فرحان اعظمی سے ہوگئی۔