دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ میں اہم تبدیلیاں دیکھنے کو ملی ہیں۔
ٹیسٹ رینکنگ: آئی سی سی کی ٹیسٹ بیٹرز رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، جب کہ انگلینڈ کے ہیری بروک دوسرے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نے ایک درجہ ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے، اور اسٹیو اسمتھ نے بھی ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے 10 ویں نمبر پر اپنی جگہ بنالی ہے۔ پاکستان کے بابر اعظم نے دو درجہ ترقی کے بعد 15 ویں نمبر پر پہنچ کر اہم پیش رفت کی ہے۔ سری لنکا کے دنیش چندیمل اور دھنن جایا ڈی سلوا کی رینکنگ میں بھی دو دو درجے کی بہتری آئی ہے اور وہ بالترتیب 12 ویں اور 13 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے سلمان علی آغا اور محمد رضوان کی رینکنگ میں ایک ایک درجے کی بہتری آئی ہے، جس کے نتیجے میں وہ بالترتیب 18 ویں اور 19 ویں نمبر پر ہیں۔
ٹیسٹ بولرز: بھارت کے جسپریت بمرا کا پہلا نمبر برقرار ہے، جبکہ پاکستان کے نعمان علی نے ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے 9 ویں نمبر پر جگہ بنالی ہے۔ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جدیجا کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم 795 پوائنٹس کے ساتھ اپنی پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔ بھارت کے روہت شرما، شبمن گل اور ویرات کوہلی کی پوزیشنز بدستور دوسری، تیسری اور چوتھی ہیں۔ جنوبی افریقا کے کلکسن نے 8 درجے کی ترقی کے ساتھ پانچویں نمبر پر قدم رکھا ہے، اور محمد رضوان تین درجے ترقی کے بعد 21 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز میں دو سنچریاں بنانے والے صائم ایوب نے 57 درجے کی شاندار ترقی کی ہے اور وہ اب 24 ویں نمبر پر ہیں۔
افغانستان کے راشد خان کا پہلا نمبر برقرار ہے، جبکہ بھارت کے کلدیپ یادیو نے دو درجے کی ترقی کے ساتھ دوسرے نمبر پر جگہ بنالی ہے۔ پاکستان کے شاہین آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں، اور جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج بھی ایک درجہ کمی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔
ون ڈے آل راؤنڈرزمیں محمد نبی کا پہلا نمبر برقرار ہے، سکندر رضا دوسری پوزیشن پر ہیں، اور افغانستان کے عظمت اللہ عمر زئی نے پانچ درجے کی ترقی کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں ٹریوس ہیڈ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، جبکہ فل سالٹ، تلک ورما اور سوریاکمار یادیو بالترتیب دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں۔ پاکستان کے بابر اعظم چھٹے اور محمد رضوان آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بالرزمیں ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، انگلینڈ کے عادل رشید کی دوسری اور سری لنکا کے وانندو ہسارانگا کی تیسری پوزیشن ہے۔