واشنگٹن: نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ٹرمپ کے نامزد وزیر خارجہ مارکو روبیو پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
امریکی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو دیے گئے انٹرویو میں رچرڈ گرینل نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت رکھنے والے ممالک کے ساتھ مذاکرات مختلف انداز میں کیے جاتے ہیں، اور مارکو روبیو نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات چیت کے لیے تیاری کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بائیڈن انتظامیہ وہ کام کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو گزشتہ چار سالوں میں نہیں ہو سکا۔ ایک سوال کے جواب میں رچرڈ گرینل نے کہا کہ ٹرمپ کی انتظامیہ کے دوران پاکستان کے حکومتی رہنماؤں کے ساتھ بہترین تعلقات تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے جیل میں قید رہنما بھی ٹرمپ کی طرح سیاست میں آؤٹ سائیڈر تھے اور کامن سینس کی بات کرتے تھے۔
رچرڈ گرینل نے یہ بھی کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم کو رہا کیا جائے کیونکہ ان پر وہی الزامات ہیں جو ٹرمپ پر تھے۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اس موضوع پر پیچیدہ گفتگو کی، لیکن رچرڈ گرینل نے اس بات پر زور دیا کہ اصل معاملہ پاکستان کے سابق وزیراعظم کی رہائی ہے۔