راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے راولپنڈی کے سینٹ کیتھولک کیتھیڈرل چرچ میں کرسمس کی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف کا پُر جذبہ استقبال کیا گیا، اور ان کی موجودگی پر یکجہتی کے اظہار کے طور پر شکریہ ادا کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے پاکستان بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیوں کی مبارکباد پیش کی۔
جنرل عاصم منیر نے کرسمس کے موقع پر ہمدردی، سخاوت اور اتحاد کی قدروں پر زور دیتے ہوئے ان کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے پاکستان کی ثقافتی، سماجی اور اقتصادی ترقی میں مسیحی برادری اور اقلیتی گروپوں کی اہم شراکت کا بھی اعتراف کیا۔
آرمی چیف نے بانی پاکستا ن قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قائداعظمؒ کی دوراندیش قیادت اور اتحاد کے اصولوں نے پاکستان کی ترقی کی راہ ہموار کی اور قوم کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔