کراچی: پاکستانی فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ ان کا کام کھیلنا ہے، سیاست نہیں۔ کراچی میں قائداعظم کے مزار پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ مزارِ قائد پر حاضری ایک بڑا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے یہ سال بہت اچھا رہا، اور جنوبی افریقا کے خلاف تاریخی فتح ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔ شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹیم نے جیت کے لیے سخت محنت کی اور کامیابی حاصل کی۔ گرین جرسی پہننا ہمیشہ ان کے لیے فخر کی بات رہی ہے۔
شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ ٹیم نے کبھی ہمت نہیں ہاری اور ہمیشہ اپنے ملک کی نمائندگی پر فخر محسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے تیاریوں کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔
شاہین آفریدی نے یہ بھی کہا کہ ان کا مقصد ہمیشہ پاکستان کے لیے کھیلنا رہا ہے اور وہ ہمیشہ اپنے ملک کی خدمت میں کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے بھارت کے حوالے سے کہا کہ اگر وہ پاکستان میں کھیلنے آتے تو ہم انہیں بہترین مہمان نوازی دیتے، اور جہاں بھی کھیلیں، ہم ان کے ساتھ مقابلے کے لیے تیار ہیں