وزیراعلیٰ مریم نواز کا جنوری میں منیارٹیز کارڈ لانچ کرنے کا اعلان

04:17 PM, 25 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جنوری میں منیارٹیز کارڈ لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں کرسمس کی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مسیحی برادری نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اقلیتی برادری کے لیے منیارٹیز کارڈ متعارف کرایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر انہیں موقع ملے تو وہ اقلیتی برادری کے بجٹ میں پانچ ہزار فیصد تک اضافہ کر دیں گی۔ مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے کام کر رہی ہیں جہاں ہر فرد کو یہ خوف نہ ہو کہ اس کی جان یا مال کو خطرہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام مذاہب کے پیروکاروں کی وزیراعلیٰ ہیں اور ان کی خدمت کرنا ان کا فرض ہے۔

اس موقع پر مریم نواز نے کرسمس کا کیک کاٹا اور اپنی اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی جانب سے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد بھی پیش کی۔

مزیدخبریں