نیدرلینڈز میں 500 سال قدیم لکڑی کا جوتا دریافت

نیدرلینڈز میں 500 سال قدیم لکڑی کا جوتا دریافت

الکمار : نیدرلینڈز کے شہر الکمار میں زیرِ زمین کچرے کے کنٹینر کی تعمیر کے دوران ایک 500 سال قدیم لکڑی کا جوتا دریافت ہوا ہے، جس نے آثار قدیمہ کے ماہرین کو حیرت میں ڈال دیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نیدرلینڈز اپنی لکڑی سے تیار کردہ جوتوں کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے، اور یہ حالیہ دریافت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ ایک وقت تھا جب ان جوتوں کا استعمال بہت عام تھا۔

ماہرِ آثار قدیمہ، سلکے لانگ کے مطابق، یہ جوتا ایک شہری علاقے میں تعمیراتی کام کے دوران ملا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دریافت ہمیں ان کسانوں کی یاد دلاتی ہے جو کھیتوں میں کام کرنے کے لیے لکڑی کے جوتے پہنا کرتے تھے، لیکن اس جوتے کا شہری علاقے سے ملنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ اس دور میں یہ جوتے روزمرہ کی زندگی کا حصہ تھے۔

یہ لکڑی کا جوتا سائز 36 کا ہے اور ماہرین کے مطابق اسے 15 ویں صدی کے آخر یا 16 ویں صدی کے اوائل میں تیار کیا گیا تھا۔ اس قدیم دریافت سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ نیدرلینڈز میں لکڑی کے جوتوں کا استعمال نہ صرف کسانوں بلکہ شہریوں کے درمیان بھی وسیع تھا۔

مصنف کے بارے میں