لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی زندگی کی 75 بہاریں دیکھ لی ہیں۔ کشمیری گھرانے سے تعلق رکھنے والے نواز شریف 25 دسمبر 1949 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج سے تجارت کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد پنجاب یونیورسٹی لاء کالج سے قانون کی تعلیم بھی حاصل کی۔
نواز شریف نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز 1981 میں وزیر خزانہ پنجاب کے طور پر کیا، اور 1985 سے 1990 تک وزیراعلیٰ پنجاب کے طور پر خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں، وہ تین بار وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہوئے: پہلی بار 1990 سے 1993 تک، پھر 1997 سے 1999 تک اور تیسری بار 2013 سے 2017 تک عہدے پر فائز رہے۔
نواز شریف کا ایک اہم کارنامہ 28 مئی 1998 کو بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان کے کامیاب ایٹمی دھماکوں کا انعقاد تھا، جس سے پاکستان دنیا کا ساتواں اور اسلامی دنیا کا واحد ایٹمی ملک بن گیا۔ 2006 میں، انہوں نے بینظیر بھٹو سے مل کر میثاق جمہوریت پر دستخط کیے اور فوجی حکومت کے خاتمے کا عزم ظاہر کیا۔ تاہم، ان کے سیاسی کیریئر میں ایک سنگین پہلو یہ بھی رہا کہ وہ تین بار وزیر اعظم بنے لیکن کبھی بھی اپنے عہدے کی آئینی مدت مکمل نہ کر سکے۔